شارجہ: پاکستان نے نسیم شاہ کے آخری دو گیندوں پر دو چھکوں کی بدولت افغانستان کو ایشیا کپ کے ایک دلچسپ مقابلے میں بدھ کے روز ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ افغانستان نے پاکستان کو 20 اوورز میں 130 رنوں کا ہدف دیا تھا، جسے انہوں نے 19.2 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ Pakistan beats Afghanistan
پاکستان کو آخری تین اوورز میں 25 رنز درکار تھے، لیکن 18ویں اوور میں محمد نواز اور خوشدل شاہ کے وکٹ گرنے کے بعد میچ افغانستان کی جھولی میں آ گیا۔ 19ویں اوور میں حارث رؤف اور آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان 9 وکٹ گنواچکا تھا، جب کہ اسے چھ گیندوں پر 11 رنوں کی ضرورت تھی۔ نمبر 10 بلے باز نسیم شاہ نے یہاں 20ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر پاکستان کوجیت دلادی۔
ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کی امیدیں افغانستان پر منحصر تھیں اور اس کی شکست سے بھارت کی ایشیا کپ مہم ختم ہوگئی۔ India knocked out of Asia Cup final race as Pakistan beats Afghanistan
افغانستان نے دوسری اننگ کے پہلے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم کا وکٹ لینے کے ساتھ پاکستان پر دباؤ بنانا شروع کر دیا۔ بابر ایشیا کپ میں پہلی گیند پر آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کپتان بنے۔ فخر زمان (05) نجیب اللہ زدران کے شاندار تھرو کی بدولت رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان (20) کا وکٹ گرنے کے بعد افتخار احمد اور شاداب خان نے پاکستان کی اننگ کو پٹری پر لاتے ہوئے چوتھے وکٹ کے لیے 42 رن کی پارٹنر شپ کھیلی۔ افتخار نے 33 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور اننگ کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے 17 واں اوور راشد خان کو دیا جنہوں نے 26 گیندوں پر 36 رن بنانے والے شاداب کا بیش قیمتی وکٹ نکالا۔ اس کے بعد پاکستان نے فوری وقفوں سے وکٹیں گنوائیں۔ 18ویں اوور میں فاروقی نے محمد نواز (04) اور خوشدل شاہ (ایک) کو آؤٹ کیا، جب کہ 19ویں اوور میں فرید احمد نے حارث رؤف اور آصف علی (16) کو پویلین بھیجا۔ افغانستان جیت کے دہانے پر تھا لیکن نسیم شاہ نے 20ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر فتح ان کے ہاتھ سے چھین لی۔
اس سے قبل افغانستان نے ابراہیم زدران (35) کی اننگ کی بدولت پاکستان کو 129 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ ابراہیم نے 37 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 35 رنز بنائے، حالانکہ ان کے علاوہ کوئی بھی افغان بلے باز 30 رنز کا ہندسہ نہ چھو سکا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کے لیے بلایا اور اوپنر رحمان اللہ گرباز نے پہلے وکٹ کے لیے حضرت اللہ ززائی کے ساتھ 36 رنز کی شراکت کی۔ گرباز نے آؤٹ ہونے سے قبل 11 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے جبکہ ززائی نے 17 گیندوں میں 21 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کی وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ ابراہیم ایک سرے پر کھڑے رہے، جب کہ کریم جنت (15)، نجیب اللہ زدران (10) اور محمد نبی (صفر) ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے۔
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے راشد خان (18 ناٹ آؤٹ) نے دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر ٹیم کو 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین، نسیم شاہ، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی