پورٹ آف اسپین: بھارت نے ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں 15 رنز بنانے تھے لیکن محمد سراج نے صرف 11 رنز دیے۔ بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹ پر 308 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 309 رنز بنانے تھے لیکن وہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 305 رنز ہی بنا سکی۔ India Beat West Indies by Three Runs
کپتان اور اوپنر شکھر دھون (97) صرف تین رن سے اپنی سنچری سے محروم رہ گئے لیکن ان کی شاندار اننگ اور اوپننگ پارٹنرشپ نے بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں سات وکٹ پر 308 رن کے مضبوط اسکور پر پہنچایا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اکشر اور دیپک کے بڑے شاٹس کی وجہ سے بھارتی ٹیم کسی طرح 300 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کے لیے بھیجے جانے کے بعد کپتان شکھر دھون اور شبمن گل کے درمیان سنچری پارٹنرشپ ہوئی۔ تیز رفتاری سے رن بنا رہے گل رن آؤٹ ہوئے لیکن دھون دوسرے سرے پر ڈٹے رہے۔ شریاس آئیر کے ساتھ مل کر انہوں نے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ حالانکہ وہ سنچری سے تین رنز کے فاصلے پر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک سلسلہ شروع ہوا جہاں ایک کے بعد ایک بلے باز آؤٹ ہوتے گئے۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں، خاص طور پر اسپنرز نے بالکل درست لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند کی۔ فیلڈروں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور کافی رنز بچائے۔ پچ بلے بازی کے لیے سازگار دکھائی دے رہی تھی لیکن آخری 45 منٹ میں اس کا رویہ بدلاہوانظر آیا۔
شکھر اور شبمن گل نے بھارت کواوپننگ پارٹنرشپ میں 119 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ گل 53 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شکھر نے شریاس ائیر کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 94 رنز جوڑے۔ جب شکھر اپنی سنچری سے صرف تین رن دور تھے تو موتی کنہائی کی گیند پر بروکس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ شکھر نے 99 گیندوں پر 97 رن میں 10 چوکے اور تین چھکے لگائے۔