بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں 68 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 122 رنز ہی بنا سکی۔ India won by 68 runs against West indies
کپتان روہت شرما (64) کی نصف سنچری اور دنیش کارتک کی ناٹ آؤٹ 41 رنز کی بدولت بھارت نے جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 190 کا مضبوط اسکور بنایا۔ روہت نے 44 گیندوں کی اپنی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ بھارتی اننگز کو آخری اوور میں کارتک نے رفتار دی، کارتک نے 19 گیندوں پر 41 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔
اوپننگ میں سوریہ کمار یادو نے 16 گیندوں میں 24 رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ رشبھ پنت نے 12 گیندوں میں 14 اور رویندر جڈیجہ نے 13 گیندوں میں 16 رن بنائے۔ روی چندرن اشون نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 13 میں ایک چھکا لگایا۔ بھارتی ٹیم کی یہ اننگز اتار چڑھاؤ سے بھری ہوئی ہے۔ پہلے تو سوریہ کمار کو اوپننگ پر دیکھ کر حیران رہ گئے اور ان کی تیز شروعات کے باوجود بھارت نے شریاس ایر اور رشبھ پنت کی وکٹیں جلد گنوادیں، پریشانی اس وقت بڑھ گئی جب ہاردک پانڈیا بھی سستے میں آؤٹ ہوگئے۔