میلبورن: بھارت نے آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ 2022 میں چیس ماسٹر وراٹ کوہلی (82 ناٹ آؤٹ) اور ہاردک پانڈیا (40) کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا جسے بھارت نے میچ کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
اس سنسنی خیز مقابلے میں بھارت نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 31 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن کوہلی-پانڈیا کی جوڑی نے 113 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ بھارت کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے۔ اس اوور میں پانڈیا اور دنیش کارتک بھی آؤٹ ہوئے تاہم اوور کی چوتھی گیند پر کوہلی کے چھکے کی وجہ سے بھارت نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ کوہلی نے 53 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 82 رنز بنائے جبکہ پانڈیا نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 37گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے چالیس رن بنائے۔
پاکستان نے پاور پلے میں 159 رنز کے اسکور کی حفاظت کرتے ہوئے ہندوستان کی چار وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے ایشیا کپ 2022 کی کہانی دہرائی اور لوکیش راہل نے ان کی گیند کو وکٹوں پر کھیل بیٹھے۔ حارث رؤف نے روہت شرما اور سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
صرف 31 رنز پر بھارت کی چار وکٹیں گرنے کے بعد کوہلی اور پانڈیا نے شراکت داری شروع کی۔ بھارت کو 60 گیندوں پر 116 رنز درکار تھے جب کہ نصف اننگز تک صرف 45 رنز بنے تھے۔ دونوں بلے بازوں نے 12ویں اوور میں محمد نواز کے گیندوں پر تین چھکے لگا کر 20 رنز بنائے اور یہیں سے بھارتی اننگز کا رخ ہی بدل گیا۔ اننگز کے 16 ویں اور 17 ویں اوور میں اگرچہ پاکستان نے رن ریٹ کو روکنے کی کوشش کی، کوہلی نے 19 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر دو چھکے مار کر میچ کو دوبارہ بھارت کے حق میں جھکا دیا۔
اس اننگز کے ساتھ کوہلی ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، جبکہ ہاردک نے کھیل کے اس فارمیٹ میں بھارت کے لیے 1000 رنز بھی مکمل کر لیے۔