لکھنؤ:گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 26) کی صبر آزما بلے بازی کی بدولت بھارتی ٹیم نے دوسرے ٹی-20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اتوار کے روز چھ وکٹوں کی سنسنی خیز جیت درج کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے۔ اٹل بہاری واجپائی ایکنا اسٹیڈیم کی مشکل پچ پر نیوزی لینڈ نے بھارت کو 20 اوور میں 100 رن کا ہدف دیا۔ بھارت نے یہ ہدف ایک گیند باقی رہتے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
دھماکے دار بلے باز سوریہ کمار یادیو نے اپنی شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 گیندوں میں ناقابل تسخیر 26 رنز بنائے جس میں صرف ایک چوکا تھا۔ انہوں نے ہاردک پانڈیا (ناٹ آؤٹ 15) کے ساتھ 30 رن کی اہم شراکت داری کی اور 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر فاتحانہ چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ یکم فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے بلے بازوں کو اسپنرز کے ذریعہ آزمایا گیا جس میں بھارتی ٹیم نے بازی ماری۔ چار اسپنرز کے ساتھ اترنے والے بھارت نے 9 کیوی بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ 20 اوورز میں صرف 99 رنز بنا سکی۔ بھارتی بلے بازوں نے تحمل سے بلے بازی کرتے ہوئے چھوٹے ہدف کا پوری سنجیدگی سے تعاقب کیا اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر فتح حاصل کی۔