ڈبلن: بھارت نے دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بارش کی وجہ سے پہلا ٹی ٹوئنٹی 12۔ 12 اوورز کا کھیلا گیا۔ ٹاس ہارکر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آئرلینڈ نے 12 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ جواب میں بھارت نے 16 گیندیں باقی رہتے ہوئے 9.2 اوورز میں 3 وکٹ پر 111 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ India Beat Ireland by seven wickets
بھارت کی جانب سے دیپک ہڈا نے 29 گیندوں میں چھ چھکے اور دو چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 47 رنز، ایشان کشن11 گیندوں میں 26 رنز بنائے جب کہ سوریہ کمار بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے اور کپتان ہاردک پانڈیا نے 24 رنز بنائے۔ دنیش کارتک 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ ٹیم نے پہلے دو اوورز میں دو وکٹیں گنوادیں۔ بھونیشور کمار نے پہلے ہی اوور میں کپتان اینڈریو بلبرنی کو کلین بولڈ کردیا۔ بلبرنی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بھارتی کپتان ہاردک پانڈیا نے دوسرے ہی اوور میں پال اسٹرلنگ کو دیپک ہوڈا کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ سٹرلنگ چار رنز بنا سکے۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں گیرتھ ڈیلانی کو اویش خان نے وکٹ کیپر کارتک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ڈیلانی آٹھ رنز بنا سکے۔ آئرلینڈ نے 22 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔