برمنگھم: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ٹاس ہارکر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 8 وکٹ پر 170 رن بنائے اور انگلینڈ کو 17 اوور میں 121 رن پر ڈھیر کر 49 رنز سے میچ جیت لیا۔ بھارت نے پہلا میچ 50 رنز سے جیتا تھا۔ بھونیشور نے جیسن رائے کو پہلی ہی گیند پر کپتان روہت شرما کے ہاتھوں سلپ میں کیچ کرایا۔ India Beat England by 49 Runs
جیسن رائے کا وکٹ گرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔ میزبان ٹیم کو 17 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ جسپریت بمراہ نے 10 رنز کے عوض دو اور یوزویندر چہل نے 10 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ہرشل پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ اور جسپریت بمراہ اس میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں آئے تھے لیکن جڈیجہ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نہ چل سکا۔ جڈیجہ نے 29 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 46 رنز بنائے۔ کپتان روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کرنے آئے رشبھ پنت دونوں نے پاور پلے میں ٹیم کو 49 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ روہت نے 20 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے لیکن ان کی وکٹ گرنے کے بعد بھارتی اننگز میں کوئی بڑی شراکت نہیں ہوپائی۔
روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد وراٹ کوہلی ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وراٹ کی خراب فارم اس میچ میں بھی جاری رہی اور وہ ڈیبیو میچ کھیلتے ہوئے رچرڈ گلیسن کا شکار بنے۔ گلیسن نے پہلے روہت کو بھی آؤٹ کیا تھا۔ وراٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد گلیسن نے پنت کا بھی شکار کیا۔ پنت نے 15 گیندوں پر 26 رن میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
سوریہ کمار یادو 11 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پچھلے میچ کے ہیرو ہاردک پانڈیا نے 15 گیندوں میں 12 رنز بنائے۔ بھارت کی پانچ وکٹیں 89 رنز پر گر گئیں۔ اس صورتحال میں جڈیجہ نے برتری حاصل کی اور 29 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 46 رنز بنا کر ٹیم کو 170 کے فائٹنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ دنیش کارتک 17 گیندوں میں 12 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ ہرشل پٹیل نے چھ گیندوں میں 13 رنز بنائے۔