ڈھاکہ: بھارت نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے میچ کے چوتھے روز 145 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شریاس ایر اور روی چندرن اشون نے ساتویں وکٹ کے لیے نصف سنچری کی شراکت داری کرکے ٹیم انڈیا کو فتح دلائی۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے بنگلہ دیش کو دو میچوں کی سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کر دیا۔ میچ کے چوتھے دن کی شروعات میں ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت یہ میچ ہار جائے گا لیکن شریاس ایر اور روی چندرن اشون کی شراکت نے ٹیم انڈیا کو شکست سے بچا لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے سیریز بھی 2-0 سے جیت لی ہے۔ روی چندرن اشون کو پلیئر آف دی میچ جب کہ چتیشور پجارا کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ India beat Bangladesh in second test
اس میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 145 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ٹیم انڈیا نے چوتھے دن کی شروعات 45-4 کے اسکور کے ساتھ کی، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے اس نے اپنے 3 وکٹ جلدی جلدی گنوا دیے۔ ایسے میں بھارت پر شکست کا بحران منڈلا رہا تھا۔ آخر میں روی چندرن اشون (42 رنز) شریاس ایر (29 رنز) کی نصف سنچری شراکت نے بنگلہ دیش کا خواب چکنا چور کردیا۔ بھارت کو آج جیت کے لیے مزید 100 رنز بنانے تھے۔ لیکن بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن اور مہدی حسن معراج نے مل کر مزید تین وکٹ لیے تو ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم انڈیا ہار جائے گی، لیکن شریاس ایر اور روی چندرن اشون نے ایسا نہیں ہونے دیا۔