موہالی:ہندوستان نے پہلے خطرناک گیندبازی اور چست فیلڈنگ کی مدد سے آسٹریلیا کی اننگ کو 50 اوورز میں 276 رنوں پر سمیٹ دیا، جب کہ بعد میں بلے سے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48ویں اوور میں ہی 277 رنز کے ہدف کو حاصل کرلیا۔ یہاں یہ دلچسپ بات ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس میچ میں روہت شرما، وراٹ کوہلی، کلدیپ یادو اور محمد سراج جیسے ان فارم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں میدان میں اتری تھی۔
ورلڈ کپ کی تیاریوں کے طور پر دیکھی جارہی تین میچوں کی سیریز کا اگلا میچ 24 ستمبر کو اندور میں کھیلا جائے گا۔آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں کپتان کے ایل راہل نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ شامی نے وقفے وقفے سے مہمان ٹیم کی وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم 276 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گل اور گائیکواڈ نے 142 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو جیت کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم دیا جس پر کے ایل راہل اور سوریہ کمار یادو نے فتح کا مینار کھڑا کردیا۔ گل نے صرف 63 گیندوں کی اپنی اننگ میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ورلڈ کپ میں ٹرمپ کارڈ سمجھے جانے والے شریاس ائیر (3) تاہم سستے میں ہی رنز چرانے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ ایڈم زمپا نے دو سلامی بلے بازوں کے وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل شامی نے اپنے پہلے اوور میں مچل مارش (4) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا تاہم ڈیوڈ وارنر (52) اور اسٹیو اسمتھ (41) نے 94 رنز کی شراکت داری کرکے اننگ کو سنبھالا۔ وارنر رویندر جڈیجہ کی گیند پر لانگ آن پر کھڑے شبھمن گل کو کیچ تھما بیٹھے جس کے کچھ ہی دیر بعد شامی نے اسمتھ کو دوسرے اینڈ پر کلین بولڈ کردیا۔
ایک طویل عرصے کے بعد ون ڈے میچ کھیل رہے روی چندرن اشون نے مارنس لابوشین (39) کا وکٹ لیا جب ان کی للچاتی ہوئی گیند کو کریز سے باہر آکر کھیلنے کی کوشش میں لابوشین اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ جوش انگلس (45) بمراہ کا شکار بنے جب کہ کیمرون گرین (31) اور ایڈم زمپا (2) رن چرانے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ مارکس اسٹوئنس (29)، میتھیو شارٹ (2) اور شان ایبٹ (2) کو بھی شامی نے آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:World Cup Price Money کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیموں پر ہوگی پیسوں کی بارش
آسٹریلیا نے نو وکٹ 49 ویں اوور میں 256 رنز پر گنوا دیے تھے لیکن کپتان پیٹ کمنز (21 ناٹ آؤٹ) نے آخری آٹھ گیندوں پر سخت حملہ کرتے ہوئے 20 رنز جوڑلئے۔ اپنی مختصر اننگ میں انہوں نے صرف نو گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکا لگایا جس کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم 276 کا اسکور حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔