موہالی:بھارت نے اس سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان نے 18 میں سے 17 ون ڈے جیتے ہیں جن میں گزشتہ اتوار کو کولمبو میں منعقدہ ایشیا کپ کا فائنل بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت ون ڈے ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ایشیا کپ میں شبھمن گل، کوہلی اور کے ایل راہل نے بھی بلے سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک ایک سنچری اسکور کی، جب کہ روہت شرما نے تین نصف سنچری بنائی۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں اسپنر کلدیپ یادو نے نو اور فاسٹ بولر محمد سراج نے دس وکٹیں لے کر اپنی لے حاصل کر لی ہے۔ طویل وقت تک باہر رہنے کے بعد جسپریت بمراہ کی واپسی نے بھی ہندوستانی بولنگ لائن اپ کو مضبوط کیا ہے۔
دریں اثنا، آسٹریلیا مسلسل تین میچوں میں جنوبی افریقہ سے ہارنے کے بعد آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ تاہم آسٹریلیا بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے کمر کسے گا۔ بھارت نے اپنے چار اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادو موہالی اور اندور میں پہلے دو میچوں میں نہیں کھیلیں گے۔ روہت کی غیر موجودگی میں کے ایل راہل ٹیم کی کپتانی کریں گے، ٹیم میں روی چندرن اشون اور واشنگٹن سندر کو شامل کیا گیا ہے۔