پورٹ آف اسپین: بھارت نے دن کے آغاز میں ونڈیز کو 255 پر آل آؤٹ کرکے 183 رنوں کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد روہت نے جیسوال (ناٹ آؤٹ 37) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت داری کی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ بریتھویٹ نے سب سے زیادہ 75 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی بلے باز نصف سنچری تک نہ پہنچ سکا۔ سراج نے پانچ جبکہ مکیش کمار اور رویندر جڈیجہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ روی چندرن اشون نے ایک وکٹ لیا۔
ویسٹ انڈیز نے میچ کے تیسرے روز شاندار دفاع کی بنیاد پر229/5 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا، لیکن چوتھے دن اس نے صرف 50 منٹ کے اندر اپنے آخری پانچ وکٹ گنوا دئے۔ نوجوان ٹیلنٹ مکیش کمار نے دن کا آغاز الیک اتھاناز (115 گیند، 37 رنز) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے کیا، جبکہ سراج نے اگلے ہی اوور میں جیسن ہولڈر کو وکٹ کیپر ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ مکیش کے ایک اوور میں دو چوکے جانے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے فالو آن ٹال دیا، لیکن سراج نے بغیر وقت گنوائے الزاری جوزف، کیمار روچ اور شینن گیبریل کو آؤٹ کرکے کیریبین ٹیم کی اننگ ختم کردی۔