جوہانسبرگ:وانڈررز اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے ہندوستان نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 13.5 اوورز میں 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
سوریہ کمار یادو اور یشسوی جیسوال (60) کے درمیان 112 رنز کی شراکت کے بعد کلدیپ یادو کی مہلک گیند بازی نے ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنی 29ویں سالگرہ کے موقع پر کلدیپ نے وانڈررز کی پچ پر جنوبی افریقی بلے بازوں پر تہلکہ مچا دیا اور ایک کے بعد ایک وکٹ حاصل کی۔ اپنی اننگز کے تیسرے اور 14ویں اور آخری اوور میں انہوں نے ڈیوڈ ملر (35)، لیزرڈ ولیمز (0) اور نینڈرے برجر (1) کو آؤٹ کرکے میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری کردیا۔ یہ اپنے ٹی 20 کیریئر میں تیسرا موقع ہے جب کلدیپ پانچ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔
ملر کے علاوہ صرف کپتان ڈیوڈ مارکرم (25) ہی ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے کچھ ہمت دکھا سکے۔ جنوبی افریقہ کے سات بلے باز اپنے اسکور کو دوہرے ہندسے تک لے جانے میں ناکام رہے۔ کلدیپ کے علاوہ رویندرا جڈیجہ نے دو جبکہ محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کھیلتے ہوئے ہندوستان نے تیز شروعات کی لیکن کیشو مہاراج نے اننگز کے تیسرے اوور میں اوپنر شبھمن گل (8) اور تلک ورما (0) کو چلتا کر مہمان ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیلنے کی کامیاب کوشش کی۔ تاہم، نئے بلے باز کے طور پر سوریہ کمار نے کریز سنبھالی اور پہلے سے موجود یشسوی جیسوال کے ساتھ بغیر کسی خوف کے اسکور بورڈ کو تیزی سے چلانا جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف رنز کی بارش کی۔