حیدرآباد: بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے میں 12 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ حیدرآباد میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے دلچسپ میچ میں 350 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 337 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل (140 رنز) نے اپنی ٹیم کو جیت دلانے کی مکمل کوشش کی لیکن وہ جیت نہ سکے۔ میچ آخری اوور میں ان کی وکٹ کے ساتھ ختم ہوگیا۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ شاردول ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ دو سو رنز بنانے والے شبھمن گل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل شبھمن گل (208) کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 50 اوور میں 349 رن کا مشکل ہدف دیا تھا۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر اور کپتان روہت شرما کے پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلے کوصحیح بتاتے ہوئے شبھمن نے نیوزی لینڈ کے کم تجربہ کار باؤلنگ اٹیک کو تباہ کردیا۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی کھلاڑی کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔