نئی دہلی: بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسمرتی رندھاوا نے شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت خواتین ٹیم نے 8 وکٹوں سے انگلینڈ کو شکست دے دی۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین میچوں کی سیریز میں اپنی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے بھارت ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے فرییا کیمپ نے 51 جب کہ مایا بوچیئر نے 34 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز اچھا اسکور نہیں کرسکے۔ بھارت کی جانب سے اسنیہ رانا نے تین، جب کہ رینوکا سنگھ اور دیپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔