جیمز اینڈرسن کی قیادت میں انگلینڈ کے تیز گیند بازوں نے ہندوستانی ٹیم کو تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن بدھ کو دوسرے سیشن کی پہلی اننگز میں 40.4 اوورز میں محض 78 رنز پر آل آوٹ کردیا۔
انگلینڈ نے اس کے بعد اسٹمپ تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 120 رن بناکر میچ اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 42 رن کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
روری بنرس اور حسیب حمید نے پہلے وکٹ کے لیے 2011 کے بعد پہلی بار ہندوستان کے خلاف اوپننگ شراکت داری میں 100 سے زیادہ رنز کا اضافہ کیا۔ حمید نے 130 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 60 رن میں 11 چوکے لگائے جبکہ روری بنرس نے 125 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 52 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
چاروں ہندوستانی تیز گیند باز ایشانت شرما، جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ دونوں بلے بازروں پر کوئی اثر نہیں چھوڑ پائے۔
لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ 151 رنز کے بڑے فرق سے جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
اینڈرسن نے آٹھ اووروں میں محض چھ رن دے کر ہندوستان کے ٹاپ تین بلے باز لوکیش راہل، چتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تینوں کے کیچ وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں میں گئے۔ راہل پہلے اورر کی پانچویں گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ پجارا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ وراٹ 17 گیندوں میں سات رن بناکر آؤٹ ہوئے۔