سڈنی: جوش فلپ، بین میک ڈرموٹ، کرس گرین اور بین ڈوارشوئس کو بھارت میں جاری ٹی 20 سیریز کے آخری میچوں کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور کئی کھلاڑی وطن واپس جائیں گے۔ نیو ساؤتھ ویلز اور سڈنی تھنڈر کے آف اسپنر کرس گرین ممکنہ طور پر بھارت میں ٹی 20 اسکواڈ میں بلائے جانے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم میں ڈیبیو کریں گے۔ وکٹ کیپر بلے باز جوش فلپ اور بین میک ڈرموٹ بھی بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز بین ڈوراشوئس کے ساتھ اس دورے میں شامل ہو رہے ہیں۔
منگل کو گوہاٹی میں تیسرے میچ کے بعد کھلاڑیوں کا ایک گروپ گھر روانہ ہو رہا ہے۔ شان ایبٹ، جوش انگلیس، گلین میکسویل، مارکس اسٹونس، اسٹیون اسمتھ اور ایڈم زمپا ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچیں گے جبکہ ٹریوس ہیڈ ٹیم میں رہیں گے اور اوپننگ بھی کریں گے۔
میک ڈرموٹ اور فلپ بھارت پہنچ گئے ہیں جبکہ گرین اور ڈوارشوئس چوتھے میچ کے لیے رائے پور پہنچنے پر ٹیم کو جوائن کریں گے۔ 30 سالہ گرین نے ٹی 20 کرکٹر کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے، حالانکہ گزشتہ 12 مہینوں میں وہ نیو ساؤتھ ویلز کی شیفیلڈ شیلڈ ٹیم میں باقاعدہ کھلاڑی ہیں۔ بگ بیش لیگ میں انہوں نے تھنڈر کے لیے 29.56 کی اوسط اور 7.14 کی اکانومی ریٹ سے 66 وکٹیں حاصل کیں۔ کرس گرین پوری دنیا میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔