اندور: بھارت نے اتوار کو اندور کے ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔ بارش کی وجہ سے میچ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس کے مطابق آسٹریلیا کو 33 اوورز میں 317 رنز کا مشکل ہدف دیا گیا۔ لیکن آسٹریلیا کی پوری ٹیم شان ایبٹ اور ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچری کے باوجود 28.2 میں 217 رنز ہی بنانے میں کامیاب رہی۔ بھارت کی جانب سے جڈیجہ اور اشون نے تین تین وکٹ حاصل کیے جبکہ شامی کو ایک اور کرشنا کو دو وکٹ ملے، ایک وکٹ کیمرون گرین رن آوٹ ہوگئے تھے۔
اس سے پہلے شریاس ایر اور شبھمن گل کی سنچریوں اور آخری اووروں میں سوریہ کمار یادو کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت بھارت نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 399 رن بنائے تھے۔ شریاش ائیر نے شروع سے ہی شاندار شاٹس لگائے اور اپنے ساتھی گل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 200 رن کی شراکت داری قائم کی اور آسٹریلیا کے ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کو تہس نہس کردیا۔