وشاکھاپٹنم: ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شکست کے بعد ہفتہ کو کہا کہ بلے بازوں کی تکنیک کی کمی اس شکست کی وجہ تھی۔ روہت نے میچ کے بعد کہاکہ 'اگر آپ میچ ہار جاتے ہیں تو یہ بہت مایوس کن ہوتا ہے۔ ہم نے بیٹنگ میں تکنیک پر عمل نہیں کیا اور کافی رنز بنانے میں ناکام رہے۔ یہ پچ 117 رنز بنانے والی نہیں تھی۔ ہم نے خود کو ضروری رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔'
آسٹریلیا کی مہلک بولنگ کے سامنے ہندوستانی بیٹنگ صرف 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم نے 118 رنز کا ہدف صرف 11 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔ کینگروز کی اس جیت کے ہیرو مچل اسٹارک تھے جنہوں نے پہلے اوور سے ہی گیند کو سوئنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ روہت نے کہاکہ 'پہلے اوور میں شبھمن کی وکٹ گرنے کے بعد وراٹ اور میں نے 30-35 رنز جوڑے لیکن اس کے بعد میں نے اپنا وکٹ گنوایا۔ اسٹارک ایک شاندار گیند باز ہیں اور وہ آسٹریلیا کے لیے طویل عرصے سے یہ کام کر رہے ہیں۔' وہ اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق بولنگ کرتا رہا اور نئی گیند کو سوئنگ کرواتا رہا۔