بنگلورو: بھارتی ٹیم افغانستان کے خلاف چناسوامی اسٹیڈیم میں بدھ کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں کلین سویپ کے ارادے سے اترے گی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ کلدیپ کو روی بشنوئی یا واشنگٹن سندر کی جگہ اور مکیش کمار کی جگہ اویش خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
سنجو سیمسن اور تلک ورما کو چناسوامی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔ کپتان روہت کا بلا سیریز میں اب تک خاموش رہا ہے۔ پہلے میچ میں وہ شبمن گل کے ساتھ غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہوگئے تھے، جب کہ دوسرے میچ میں فضل الحق فاروقی کی گیند کا اندازہ نہ کرسکے اور بولڈ ہو گئے۔ دو میچوں میں صرف دو رنز بنانے والے روہت سے آخری میچ میں فارم میں واپس آکر بڑی اننگ کھیلنے کی توقع کی جارہی ہے۔
بھارتی بلے باز شاندار فارم میں ہیں اور توقع ہے کہ وہ کل کے میچ میں اپنی بہتر کارکردگی کو دہرائیں گے۔ سیریز میں بھارتی ٹیم بیٹنگ میں پہلی گیند سے ہی جارحانہ نظر آئی۔ شیوم دوبے اور وراٹ کوہلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ افغانستان نے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے اوپنر رحمان اللہ گرباز سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے جو گزشتہ دو میچوں میں ناکام رہے ہیں۔ افغانستان کی باؤلنگ سائیڈ کمزور رہی ہے۔
بھارت 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے آگے ہے اور سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔ موہالی اور اندور میں کھیلے گئے پہلے دو میچوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسانی سے کامیابی حاصل کی۔ اب ٹیم انڈیا کو بنگلورو میں کھیلنا ہے، جہاں اس کا ریکارڈ بہت شاندار ہے، اور اس گراؤنڈ پر ہندوستانی ٹیم کو ہرانا کسی بھی ٹیم کے لیے آسان کام نہیں ہے۔