ممبئی: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز آج یعنی 17 مارچ 2023 سے ہونے جارہا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم تقریباً دو ماہ بعد ون ڈے فارمیٹ میں کوئی میچ کھیلے گی۔ ٹیم انڈیا نے اپنا آخری ون ڈے میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 24 جنوری 2023 کو اندور میں کھیلا تھا۔ بھارت نے یہ میچ 90 رنز سے جیتا تھا۔ بھارتی ٹیم نے دو ماہ قبل ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی تھی۔ دوسری طرف آسٹریلیا نے نومبر 2022 میں اپنے گھر پر انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔
سیریز کا پہلا میچ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ شریاس ائیر چوٹ کی وجہ سے ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ روہت شرما خاندانی وجوہات کی وجہ سے پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکیں گے۔ روہت شرما کی غیر موجودگی میں ہاردک پانڈیا ٹیم انڈیا کی قیادت کریں گے۔