اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہاکہ' اگر بھارتی ٹیم اگلے برس ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرتی ہے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ ایشیا کپ 2023 اگلے برس ستمبر میں پاکستان میں کھیلا جانا ہے، تاہم بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے کہاکہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایونٹ کا مقام تبدیل کیا جائے۔ Ramiz Raja on Asia Cup
جے شاہ کے ریمارکس نے پاکستانی کرکٹ میں ہلچل مچادی، جس پر پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل سے ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم پی سی بی کے چیئرمین نے ایک بار پھر ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنی وضاحت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے ایک میڈیا ادارے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ’’اگر بھارتی ٹیم یہاں آتی ہے تو ہم ورلڈ کپ کے لیے جائیں گے، اگر وہ نہیں آتے تو ہمارے بغیر ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں'۔ انہوں نے مزید کہا 'ہم سخت اقدامات کریں گے، ہماری ٹیم اپنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔
راجہ نے پاکستان کرکٹ کی معیشت کو بہتر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہاکہ یہ تب ہی ہو سکتا ہے جب ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ٹییم نے T20 ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دی۔ ایک برس میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایک ارب ڈالر کی معیشت والی ٹیم کو دو بار شکست دی ہے۔