نئی دہلی: آئی سی سی ڈیجیٹل ٹیم کے لیے بھارت میں کھیلے جانے والے ون ڈے ورلڈ کپ کی کوریج کرنے والی پاکستان کی اسپورٹس اینکر زینب عباس کے بھارت چھوڑنے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ جس کے بعد زینب کے حوالے سے متعدد خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ وہ ماضی میں سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مبینہ پوسٹس کے تنازعہ کے بعد پیر کو بھارت سے دبئی کے لیے روانہ ہوگئیں۔ تاہم کرکٹ کی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دعویٰ کیا کہ زینب نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بھارت چھوڑا ہے۔
زینب عباس نے جیسے ہی یہ اعلان کیا کہ وہ بھارت میں آئی سی سی کے لیے ورلڈ کپ کی کوریج کرے گی ویسے ہی زینب کے نام سے غیر تصدیق شدہ ایکس اکاؤنٹ پر ماضی کی کچھ بھارت مخالف مبینہ پوسٹس وائرل ہوگئیں۔ اور ٹورنامنٹ کے وسط میں ان کی بھارت سے روانگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز ہونے کے بعد آئی سی سی نے واضح کیا کہ زینب کو میزبان ملک سے نہیں نکالا گیا ہے۔آئی سی سی کے ترجمان نے پی ٹی آئی کو بتای کہ زینب کو ڈی پورٹ نہیں کیا گیا ہے، وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس چلی گئی ہیں۔