کولکاتہ: جنوبی افریقہ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک نے پہلے سے اعلان کے مطابق ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ ڈی کاک آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ریٹائر ہو گئے ہیں، انہوں نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ہندوستان میں اس فارمیٹ میں یہ ان کی مہم کی آخری کارکردگی ہوگی۔
آئی سی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی کاک کا ون ڈے کیریئر پورے ٹورنامنٹ میں ایک شاندار انفرادی کوشش کے بعد سیمی فائنل مرحلے پر ختم ہوا۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے آسٹریلیا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد ڈی کاک کے بارے میں کہاکہ "وہ شاید کسی اور طریقے سے چیزوں کو ختم کرنا چاہتے تھے، لیکن ہم نے ایک ٹیم کے طور پر جس طرح کی اننگز اور کھیل دکھائی، وہ اسے یاد رکھیں گے۔" انہوں نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی ہم نے ان کے ساتھ سال بھر کھیلنے کا مزہ لیا۔ باوما نے کہاکہ ’’وہ جنوبی افریقہ میں کھیل کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر جانے جائیں گے۔
ڈی کاک نے اس ٹورنامنٹ کی دس اننگز میں 59.40 کی اوسط سے 594 رنز بنائے، صرف وراٹ کوہلی نے ڈی کاک سے زیادہ رنز بنائے۔ ٹورنامنٹ کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ڈی کاک نے اپنے ون ڈے کیریئر کا اختتام انتہائی متاثر کن اعدادوشمار کے ساتھ کیا۔