دھرم شالہ: ٹریوس ہیڈ (109) اور ڈیوڈ وارنر (81) کے درمیان 175 رن کی طوفانی شراکت کی مدد سے آسٹریلیا نے ہفتہ کے روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 389 رن کا ہدف رکھا۔
ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے خوبصورت گراؤنڈ پر چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے درمیان ٹریوس ہیڈ اور وارنر کے بلے کی آتش باری سے اسٹیڈیم کے ماحول میں گرمی پیدا ہوگئی۔ دونوں نے کیوی باؤلرز کو خوب دھویا اور 19ویں اوور تک ٹیم کا اسکور 175 رنز تک پہنچا دیا جس کی وجہ سے ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا 450 کے آس پاس اسکور کرے گا لیکن گلین فلپس (37 رن کے عوض 3 وکٹ) نے نہ صرف اس طوفان کو روک دیا۔ اور پوری آسٹریلیائی ٹیم کو 388 رنز کے اندر سمیٹنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ نے صرف 59 گیندوں میں دس چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی ہیڈ ورلڈ کپ کے ڈیبیو میچ میں تیز ترین سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں جب کہ تیز ترین سنچری کے لحاظ سے وہ گلین میکسویل کے بعد دوسرے آسٹریلیائی کھلاڑی ہیں۔ میکسویل نے رواں ورلڈ کپ میں 40 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔