حیدرآباد: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک بار پھر پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ورلڈ کپ میں اب تک پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف کوئی بھی ون ڈے میچ نہیں جیت سکی ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کا میچ ہفتہ کو احمد آباد میں کھیلا گیا جس میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے 30.3 اوورز میں 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان اب تک 8 میچز ہو چکے ہیں۔ ہر بار ہندوستانی ٹیم جیتی ہے۔ یعنی پاکستانی ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اس بار بابر اعظم کی کپتانی میں فتح کی کچھ امید تھی لیکن ٹیم کی حالت توقعات کے برعکس تھی۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 12واں میچ آج نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42.5 اوورز میں 191 رنز تک محدود رہی۔ ایک وقت پاکستان کا سکور 29.3 اوورز میں دو وکٹوں پر 155 رنز تھا اور اس کی پوزیشن مضبوط نظر آ رہی تھی۔ اس کے بعد بھارتی باؤلرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو شکست دی۔ بابر اعظم نے سب سے زیادہ 50 اور محمد رضوان نے 49 رنز بنائے۔