ہرارے: پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے نکولس پورن (65 گیندوں پر 104 رنز) کی طوفانی سنچری کی بدولت 50 اوورز میں 374 رنز بنائے۔ نیدرلینڈز نے بھی تیجا ندامانورو (76 گیندوں پر 111 رنز) کی سنچری کی بنیاد پر 50 اوورز میں اس اسکور کی برابری کرلی۔ جب میچ سپر اوور تک پہنچا تو لوگن وین بیک ہالینڈ کے ہیرو بن کر ابھرے۔ انہوں نے پہلے سپر اوور میں جیسن ہولڈر کے خلاف تین چوکے اور تین چھکے لگا کر 30 رنز بنائے۔ اس کے بعد انہوں نے گیند کے ساتھ آٹھ رن کے عوض دو وکٹ لے کر ونڈیز کی شکست پر مہر ثبت کردی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈین اوپنرز برینڈن کنگ (81 گیندوں، 13 چوکوں، 76 رنز) اور جانسن چارلس (55 گیندوں، نو چوکوں، ایک چھکے، 54 رنز) نے پہلے وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ پورن نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری بناتے ہوئے کپتان شائی ہوپ (38 گیندوں، 47 رنز) کے ساتھ 108 رنز کی شراکت داری کی۔ ہوپ کا وکٹ گرنے کے بعد روماریو شیپارڈ (صفر) اور ہولڈر (آٹھ) بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے، لیکن پورن نے کیمو پال کے ساتھ 40 گیندوں پر 79 رنز کی شراکت داری کرکے کیریبین ٹیم کو 374 رنز تک پہنچا دیا۔ پورن نے 65 گیندوں پر 9 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 104 رن بنائے، جب کہ پال نے 25 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 46 رنز بنائے۔
ابتدائی طور پر ہالینڈ کے لیے یہ ہدف ناممکن نظر آرہا تھا، لیکن ڈچ ٹیم نے جد و جہد کی ذہنیت کے ساتھ بیٹنگ کی۔ 170 پر چار بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد تیجا نے اسکاٹ ایڈورڈز کے ساتھ 143 رنز کی شراکت داری کی۔ ایڈورڈز نے اس شراکت میں 67 رنز بنائے، انہوں نے 47 گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ تیجا نے 76 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے، حالانکہ 46 ویں اوور میں 327 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ہالینڈ ابھی ہدف سے بہت دور تھا۔