دھرم شالہ: جنوبی افریقہ کے کوچ راب والٹر نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں نیدرلینڈ کے خلاف 38 رنز کی حیران کن شکست کے لیے ٹیم کی ڈیتھ بولنگ اور بلے سے خراب شروعات کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ واضح رہے کہ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ پی سی اے) اسٹیڈیم میں بارش سے متاثرہ میچ میں نیدرلینڈ نے مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹ پر 245 رنز بنانے میں کامیاب رہے، اس کے بعد نیدرلینڈ کے گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ہی آؤٹ کر دیا، جس کے ساتھ ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوگیا۔ اس جیت کے ساتھ نیدرلینڈز نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف پہلی اور ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری جیت درج کی۔
میچ کے بعد جنوبی افریقی کوچ روب والٹر نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ جب نیدرلینڈ کا اسکور سات وکٹ پر 140 رنز تھا تو اس وقت آپ واقعی کھیل کو اپنے کنٹرول میں کرتے ہیں لیکن ڈیتھ اوورز میں اسے جلد ختم نہ کر پانا یقیناً مایوس کن ہے اور یقینی طور پر اسی وقت کھیل کی صورت بدل گئی۔ اس کے بعد ہدف کا تعاقب کرتے وقت ہماری شروعات بہت ہی خراب تھی جس نے ہمیں پریشر میں ڈال دیا۔
واضح رہے کہ اس میچ سے پہلے جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست تھا اور سری لنکا (102 رنز سے) اور آسٹریلیا (134 رنز سے) کے خلاف ٹھوس جیت درج کرنے کے بعد اعتماد سے بھرا نظر آرہا تھا۔ کوچ والٹر نے کہا کہ اب تک کے دو اپ سیٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا۔ چار دن پہلے ہم بہت اچھا کھیلے اور پھر آج ہم اچھا نہیں کھیل سکے۔