لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے لئے بھارتی ویزا کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔اس کے باوجود پاکستانی ٹیم کو یقین ہے کہ ٹیم کو حیدرآباد میں 29 ستمبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ سے قبل ویزا مل جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ویزا جمعہ تک نہیں مل سکا، اگرچہ اس کے لیے درخواست پہلے ہی دی جا چکی تھی لیکن یقین ہے کہ ٹیم کو یہ ویزہ وارم سے قبل مل جائے گا۔
دراصل پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل کچھ دن دبئی میں رہ کر ٹورنامنٹ کی تیاری کرنا چاہتی تھی لیکن ویزہ ملنے میں تاخیر کے باعث انہوں نے اپنا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ویزے میں تاخیر کے باعث پاکستانی ٹیم براہ راست پرواز سے حیدرآباد آنے کا سوچ رہی ہے۔