چنئی:یک روزہ کرکٹ میں اب تک نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان دو میچ کھیلے جا چکے ہیں اور دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے ہوئیں اور دونوں بار نیوزی لینڈ فاتح رہا ہے۔ اس پر نظر ڈالیں تو نیوزی لینڈ کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔ لیکن افغانستان نے اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کو 69 رنوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے پہلی جیت حاصل کی ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ اس کی دوسری جیت ہے۔ اس کے پیش نظر نیوزی لینڈ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔
انگلینڈ کے ساتھ آخری میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز 80 رن اور اکرام علی خیل کے 58 رنز کی مدد سے 49.5 اوورز میں 284 رنز بنائے تھے۔ وہیں ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ 40.3 اوورز میں 215 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان اور مجیب الرحمان نے سب سے زیادہ 3-3 اور محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ٹیم نے اپنے تینوں میچوں میں شاندار جیت درج کی ہے۔ لیکن بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں انگلی کی چوٹ کی وجہ سے کین ولیمسن باہر ہوچکے ہیں۔ ایسے میں اگلے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی کمان ٹام لیتھم کے ہاتھوں میں ہوگی۔