نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اگلے دو میچوں میں بھی شرکت نہیں کریں گے، کیونکہ پانڈیا ٹخنے کی چوٹ سے ابھی بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔ بھارت کا اگلا مقابلہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ سے 29 اکتوبر کو لکھنؤ میں ہونا ہے اور اس کے بعد سری لنکا سے 2 نومبر کو ممبئی میں کھیلنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پانڈیا کے لکھنؤ میں انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل ٹیم میں شامل ہونے کا امکان نہیں ہے۔
دراصل پونے کے ایم سی اے اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف بھارت کے چوتھے لیگ میچ کے دوران ہاردک اپنی ہی گیند بازی پر فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے اور باقی میچ نہیں کھیلا۔ جس کے نتیجے میں پانڈیا 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔