حیدرآباد: ورلڈ کپ 2023 میں بھارت کا اگلا میچ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والا ہے اور ٹیم انڈیا کے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا زخمی ہونے کی وجہ سے اس اہم میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ دراصل ٹیم انڈیا کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا جمعرات کو پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران اپنی ہی گیند بازی پر فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔
بی سی سی آئی نے بھارتی نائب کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر پانڈیا کی چوٹ پر میڈیکل اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آل راؤنڈر کے پیر کا اسکین کے بعد ڈاکٹرز نے انھیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور وہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی مسلسل نگرانی میں رہیں گے۔ بی سی سی آئی نے مزید بتایا کہ پانڈیا 20 اکتوبر کو ٹیم کے ساتھ دھرم شالہ نہیں جائیں گے اور اب وہ براہ راست لکھنؤ میں ٹیم میں شامل ہوں گے جہاں 29 اکتوبر کو بھارت انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا۔
جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پانڈیا بنگلہ دیش کی اننگز کا 9واں اوور پھینکنے آئے تھے۔انہوں نے اس اوور کی تیسری گیند لٹن داس کو پھینکی اور داس نے اس پر سیدھی ڈرائیو لگائی جس کو پانڈیا نے اپنے پیر سے روکنے کی کوشش کی اور اسی دوران پانڈیا کا پیر مڑ گیا جس کی وجہ سے ان کا ٹخنہ زخمی ہو گیا۔