احمد آباد: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 12ویں میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023 کا یہ میچ آئی سی سی کا نہیں بلکہ بی سی سی آئی کا ایونٹ نظر آرہا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاک بھارت میچ کا موازنہ دو طرفہ سیریز سے بھی کیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 1,30,000 تماشائی موجود تھے، ان میں سے ایک یا دو شائقین کو چھوڑ کر کوئی بھی پاکستان کا پرستار نہیں تھا جس کی وجہ سے مکی آرتھر کافی ناراض تھے۔ واضح رہے پاکستان کی ٹیم بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے تو آگئی ہے لیکن پاکستانی شائقین کو بھارت آنے کے لیے ویزا نہیں دیا گیا۔
احمد آباد میں کرکٹ شائقین نے بھارتی ٹیم کی بھرپور داد دی اور انڈیا انڈیا کے نعرے لگائے۔ میچ میں شکست کے بعد مکی آرتھر سے سوال کیا گیا کہ کیا میدان میں موجود بہت بڑا ہجوم پاکستان کی خراب کارکردگی کی وجہ بنا؟ تو انہوں نے کہا کہ دیکھو میں جھوٹ نہیں بولوں گا اگر میں کہوں کہ ایسا نہیں ہوا تو میں غلط کہوں گا۔ سچ پوچھیں تو یہ آئی سی سی کا کہیں سے بھی ایونٹ نہیں نظر آرہا تھا یہ دو طرفہ سیریز کی طرح لگ رہا تھا، ایسا لگتا تھا جیسے یہ بی سی سی آئی کا کوئی ایونٹ ہو۔