بنگلورو: انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست سے مایوس ہیں۔ اس شکست نے ٹائٹل کے دفاع کی امیدیں بھی تقریباً ختم کر دی ہیں۔ جمعرات کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی ٹیم 156 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جسے سری لنکا نے دو وکٹ پر 26 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی ٹورنامنٹ میں یہ پانچ میچوں میں سے چوتھی شکست تھی۔ سری لنکا سے شکست انگلینڈ کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر تو نہیں کرتی ہے لیکن ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کی امیدیں اتوار کو ٹورنامنٹ کے فیورٹ اور میزبان بھارت کے خلاف لکھنؤ میں ہونے والے میچ سے پہلے ختم ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ یقینی طور پر ایسا ہی محسوس ہورہا ہے اور یہ ناقابل یقین حد تک مایوس کن ہے۔ ہم ورلڈ کپ سے پہلے ایک ٹیم کے طور پر واقعی اچھی ٹیم تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ سب کچھ منصوبہ بند طریقے سے ہو رہا ہے لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہوا۔ بٹلر کی کی کپتانی میں انگلینڈ نے گزشتہ سال آسٹریلیا میں آئی سی سی T20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ لیکن 2022 میں ایون مورگن سے ون ڈے ٹیم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹیم کا نتائج بعض اوقات مایوس کن رہا ہے۔