پنے:ریاست مہاراشٹر کے پنے میں واقع ایم سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم کو اچھی شروعات ملنے کے باوجود بڑا اسکور کھڑا کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس اور تنضید حسن نے اننگ کی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 93 رنوں کی شراکت داری کی۔ تنضید حسن نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رنوں کی اننگ کھیل کر کلدیپ یادو کی گیند پر ایل بی ڈبلو ہو گئے۔
اس کے بعد روندر جڈیجہ نے نجمل الحسن شنتو کو 8 رن اور محمد سراج نے مہدی حسن معراج کو تین رنوں کے انفرادی اسکور پر پویلن کی راہ دکھا کر بنگلہ دیش کی پریشانیوں کو مزید اضافہ کر دیا۔ شاردل ٹھاکر نے توحید حسن ہردے کو 16 رنوں پر آوٹ کرکے ہندوستان پانچویں کامیابی دلائی۔