نئی دہلی: آئی سی سی نے 2023 کے اوائل میں جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 10 فروری سے 26 فروری تک کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ 27 فروری کو بھی ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔ پانچ بار کی چیمپئن آسٹریلیا ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔ ورلڈ کپ کے لیے تمام 10 ٹیموں کو فائنل کر لیا گیا ہے۔
مردوں کی ٹیم کی طرح بھارتی خواتین ٹیم T20 ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ 12 فروری کو روایتی حریف پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔ اس کے بعد بھارتی خواتین ٹیم 15 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا میچ کھیلے گی۔
گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ جب کہ گروپ بی انگلینڈ، بھارت، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ پر مشتمل ہے۔