آئی سی سی کی جانب سے شروع کئے گئے 'آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ' کے لیے گزشتہ ماہ مارچ میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرد اور خاتون کرکٹر کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق مَردوں کے زمرے میں پاکستانی کرکٹ ٹم کے کپتان بابر اعظم نے بازی ماری جبکہ خواتین کے زمرے میں آسٹریلیا کی رچل ہینس نے یہ ایوارڈ جیتا۔ بابر اعظم نے مارچ مہینے میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اپنے شاندار 196 رنز کے ساتھ واضح اسٹینڈ آؤٹ کے طور پر انہوں نے ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو شکست دیتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کیا، بابر پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے یہ ایوارڈ دوسری بار جیتا ہے اس سے قبل انہوں نے اپریل 2021 میں بھی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ ICC Players of the Month for March 2022
حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ختم ہونے والی سیریز میں بابر اعظم، عثمان خواجہ اور عبداللہ شفیق کے بعد تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ اپنے پانچ میچوں میں انہوں نے 78 کے اوسط سے 390 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔ سیریز کی خاص بات کراچی میں دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ان کا 196 رنز بنا کر میچ بچانا تھا۔ بابر اعظم نے یک روزہ سیریز میں اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا، پہلے دو گیمز میں اہم اننگز کھیلی۔ پہلے ون ڈے میں انہوں نے پاکستان کی 88 رنز کی شکست میں 57 کا اسکور بنائے تھے جبکہ دوسرے میچ میں انہوں نے شاندار 118 رنز بنا کر پاکستان کو چھ وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار اور ووٹنگ پینل کے رکن ڈیرن گنگا نے کہا کہ 'بابر اعظم نے یہ اعزاز نہ صرف پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران اسکور کئے گئے ان کے نمایاں رنز کی وجہ سے حاصل کیا بلکہ وہ ٹیسٹ سیریز سے لے کر ون ڈے میں ہر فارمیٹس میں بلے سے کامیابی کو منتقل کرنے میں کامیاب رہے۔'اہم بات یہ ہے کہ وہ بطور کپتان اور بلے باز توقعات کے بوجھ کو پورا کرنے کے قابل ہیں اور ان کی کپتانی میں پاکستان کے لیے 24 سال بعد آسٹریلوی ٹیم کا دورہ کرنے والی ایک یادگار کامیابی ہے۔'