ورلڈ کپ 2023 میں شاندار بلے بازی کرنے کی وجہ سے ویراٹ کوہلی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویراٹ نے ٹورنامنٹ میں 765 رنز بنائے جس میں تین سنچری اور پانچ نصف سنچری بھی شامل ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل: بھارت کا خواب چکناچور، آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپیئن - بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل
Published : Nov 19, 2023, 12:24 PM IST
|Updated : Nov 19, 2023, 10:39 PM IST
22:17 November 19
ویراٹ کوہلی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ
21:38 November 19
ٹریوس ہیڈ پلیئر آف دی میچ
آسٹریلیا کے سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو ان کی شاندار 137 رنز میچ وننگ پاری کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 120 گیند پر 137 رنز بنائے جس میں 15 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ مارنس لبوشین کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے اہم 192 رنز کی شراکت داری بھی کی۔
21:10 November 19
آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپیئن بن گیا
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت کو چھ وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپیئن بن گیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری اور لبوشین کی نصف سنچری نے بھارت کو تیسرے ورلڈ کپ سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت اس ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا تھا، آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جس نے بھارت کو فائنل میں نہ صرف شکست دی بلکہ عالمی چیمپیئن کا خطاب بھی اپنے نام کرلیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک وقت آسٹریلیا کے تین وکٹ محض 47 رنز پر ہی گر گئے تھے لیکن وہاں سے آسٹریلیا نے میچ میں زبردست واپسی کی اور میچ جیت کر یہ بھی بتا دیا کہ کرکٹ کی دنیا میں آسٹریلیا کا دبدبہ ابھی بھی برقرار ہے۔
آسٹریلیا نے 241 رنز کے ہدف کو 43 اوورز میں 4 وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کی ظرف سے ٹریوس ہیڈ نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین نے 58 رنز اہم اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو جیت دلا کر ہی پویلین لوٹے۔ بھارت کی جانب سے بمراہ کو دو اور سرج، شامی کو ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
20:29 November 19
آسٹریلیا کی 47 پر تین وکٹ گنوانے کے بعد میچ میں زبردست واپسی، ہیڈ کی سنچری
ورلڈ کپ فائنل میں 241 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی شروعات کافی خراب رہی اور 47 رنز کے ہی اسکور پر اس کے تین بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے لیکن اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشین نے اننگز کا سنبھالا اور چوتھے وکٹ کے لیے دونوں نے سو رنز سے زائد کی شراکت داری کرکے میچ کا رخ اپنی طرف کر لیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ نے سینچری اسکور کرنے میامایب رہے تو لبوشین نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جیسے جیسے یہ دونوں بلے باز آگے بڑھ رہے ہیں ویسے ویسے بھارت کے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب بھی دم توڑتا جارہا ہے۔
19:46 November 19
یہ میچ آسٹریلیا کے لیے مشکل ہونے والا ہے: محمد اظہر الدین
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 میں بھارت بمقابلہ آسٹریلیا فائنل میچ کے بارے میں سابق بھارتی کپتان اور کانگریس لیڈر محمد اظہر الدین کا کہنا ہے کہ یہ میچ مشکل ہونے والا ہے، آسٹریلیا کو ابھی بہت مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔ اگر بھارت تیزی سے وکٹیں لے لیتا ہے تو آسٹریلیا کے لیے یہ مشکل ہوگا۔
19:34 November 19
آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر ڈھیر
ورلڈکپ 2023 کے فائنل میچ میں 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر بھارتی گیندبازوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیا اور محض47 رنز کے اسکور پر اپنے تین اہم بلے بازوں کا وکٹ گنوا دیا۔ وارنر 4، مارش 15 اور اسمتھ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے بمراہ نے دو وکٹ حاصل کیے اور شامی کو ایک وکٹ ملا۔
18:28 November 19
بھارتی فین کو شامی اور بمراہ سے امیدیں
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میچ کی ایک اننگز ختم ہونے کے بعد بھارتی فین کا کہنا ہے کہ یہ ایک دلچسپ میچ ہوگا، اگرچہ بھارت نے زیادہ رنز نہیں بنائے ہیں لیکن ہم اب بھی اپنے گیند بازوں پر بھروسہ کر رہے ہیں۔ آج کا پورا گیم شامی اور بمراہ پر منحصر ہے اور بمراہ کے یارکر دیکھنے کے قابل ہوں گے، پچ سست تھی اس لیے کم اسکور کی توقع کی جا رہی تھی۔ اسی طرح اگر میدان پر اوس نہیں آتی ہے تو ہمیں کافی فائدہ ہوگا۔
17:56 November 19
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 فائنل، بھارت کا آسٹریلیا کو 241 رنز کا ہدف
ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا نے مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی بلے بازی آسٹریلیائی گیندبازوں کے آگے کچھ خاص نہیں رہی اور وقفے وقفے سے وکٹ گرتے رہے جس کی وجہ سے بھارت بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہا۔ بھارت کی جانب سے روہت 47، کوہلی 54 اور راہل 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وہیں آسٹریلیا کی جانب سے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ بھارت کے آخری کھلاڑی کلدیپ کو آخری گیند پر رن آوٹ کرے ٹیم انڈیا کو آل آوٹ بھی کر دیا۔ مچل اسٹارک تین وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ کمنس اور ہیزل ووڈ کو دو دو وکٹ ملے، میکسویل اور زمپا کو ایک ایک وکٹ ملا۔
16:31 November 19
کوہلی راہل نصف سنچری کرنے کے بعد آوٹ، بھارت دو سو اسکور کے پار
ورلڈ کپ فائنل میچ میں بھارت کی حالت کچھ بہتر نہیں ہے اور اسکے 81 رنز پر تین وکٹ گر گئے تھے لیکن ویراٹ اور راہل نے درمیان جب اچھی شراکت شروع ہوئی تو ویرات کوہلی 54 رنز بنا کر ٹیم کے 148 رنز کے مجموعی اسکور پر پوپلین لوٹ گئے جس کی وجہ سے بھارت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا اس کے بعد بھارت کی امیدیں کے ایل راہل اور روندر جڈیجہ پر ٹکی ہوئی تھی لیکن راہل بھی نصف سینچری کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور جڈیجہ بھی کچھ خاص تعاون کیے بغیر آوٹ ہوگئے۔ اب بھارت کی آخری امید سوریہ کمار یادو پر ٹکی ہوئی ہے۔ بھارت کا اس وقت مجموعی اسکور 45 اوورز میں 8 وکٹ پر 215 رنز ہے۔
15:43 November 19
اسٹاپ بومبنگ پیلیسٹائن والی ٹی شرٹ پہنے ایک شخص کوہلی سے ملنے پچ پر پہنچ گیا
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں فلسطین کے سپورٹ والی ٹی شرٹ پہن کر ایک شخص کرکٹ پچ پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے کھیل کو کچھ دیر کے روک دیا گیا۔ اس شخص نے ایک ایسی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس کے آگے اسٹاپ بومبنگ پیلیسٹائن لکھا ہوا تھا اور پیچھے فری پیلیسٹائن لکھا ہوا تھا اور اس پر فلسطینی پرچم بھی تھا
15:18 November 19
تیز گیند باز محمد شامی کے گاؤں میں ورلڈ کپ فائنل میچ دیکھنے کا منظر
ریاست اترپردیش کے امروہہ میں بھارتی تیز گیند باز محمد شامی کے گاؤں والے جس طرح سے ورلڈ کپ فائنل کا میچ دیکھ رہے ہیں اس سے ان کے کرکٹ کے تئیں پیار اور گاوں میں سہولیات کے فقدان کو واضح طور پر بیان کر تا ہے۔ محمد شامی نے ورلڈ کپ میں ابھی تک سب سے زیادہ 23 وکٹ لیکر سرفہرست ہیں۔
14:14 November 19
بھارتی فضائیہ کا نریندر مودی اسٹیڈیم کے اوپر ایئر شو کا مظاہرہ
آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل میچ سے پہلے بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کے اوپر ایئر شو کا مظاہرہ کیا۔
13:37 November 19
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنس نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا ہے جس کا مطلب صاف ہے کہ بھارتی ٹیم پہلے بلے بازی کرے گی اور آسٹریلیا کو شکست دینے کے لیے بڑا اسکور کھڑا کرنا چاہے گی۔
ٹیم انڈیا کی پلیئنگ الیون:روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویراٹ کوہلی، شریس ایئر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد سراج
آسٹریلیائی ٹیم کی پلیئنگ الیون: ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لیبوشین، گلین میکسویل، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز (کپتان)، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ
ٹاس کے وقت روہت شرما نے کہا کہ اگر میں ٹاس جیتتا تو پہلے بلے بازی کرنے کا ہی فیصلہ کرتا کیونکہ یہ ایک اچھی پچ لگ رہی ہے۔ اس بڑے مقابلے میں اسکور بورڈ پر بڑا ہدف لگانے کی کوشش کریں گے۔ جب بھی ہم یہاں کھیلتے ہیں تو بڑی تعداد میں ہجوم بھی باہر آتا ہے۔ یہ میچ کرکٹ ایونٹ کا یہ سب سے بڑا موقع ہے۔ ہمیں اپنے اعصاب پر کنٹرول رکھنا ہوگا اور پرسکون رہنا ہوگا۔ فائنل میں ٹیم کی کپتانی کرنا ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ ہمارے سامنے کونسی ٹیم ہے اور صحیح نتیجہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا اور آپ کو میدان میں صحیح فیصلے کرنے ہوں گے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ہمارے سامنے پہلے ایک ٹارگیٹ ہوگا، یہ ایک خشک پچ لگ رہی ہے اور رات میں اوس بھی پڑنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے دوسری اننگز میں بلے بازی کرنا بہتر ہو جاتا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز شکست سے ہوئی تھی لیکن اس کے بعد واقعی میں ہم ایک بھی غلطی نہیں کی ہوئی اور آج ہم فائنل میں ہیں۔
13:00 November 19
نریندر مودی اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کا سیلاب
احمدآباد میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے نریندر مودی اسٹیڈیم کے باہر لوگوں کا سیلاب امڈ پڑا۔
12:51 November 19
ٹیم انڈیا کے سپورٹر اور سچن تنڈولکر کے مداح سدھیر کمار چودھری
ٹیم انڈیا کے سپورٹر اور سچن تنڈولکر کے مداح سدھیر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا 2011 کی جیت کو دہرائے گی۔ میں چاہتا ہوں کہ روہت شرما اور شبمن گل سنچریاں بنائیں اور 450 رنز کا ہدف دیے کر میچ کو آسانی سے جیتیں۔
12:43 November 19
ٹیم انڈیا کی جیت کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام
جموں و کشمیر کے سری نگر میں حضرت سید یعقوب صاحب کے مزار پر آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل میچ میں ٹیم انڈیا کی جیت کے لیے خصوصی دعا کی جارہی ہے۔
12:32 November 19
بھارتی کرکٹ ٹیم احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم روانہ ہور ہی ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میچ کے لیے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم روانہ ہو رہی ہے۔ یہ میچ آج دوپہر 2 بجے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیئم نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ڈیڑھ بجے ٹاس ہوگا اور دو بجے سے کھیل شروع ہوجائے گا۔
12:06 November 19
آسٹریلیا چھٹی مرتبہ اور بھارت تیسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
احمد آباد: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ آج بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ آج دوپہر 2 بجے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیئم نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست بھارتی ٹیم تیسری مرتبہ خطاب جیتنے کے ارادے سے میدان میں گی جبکہ آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
ورلڈ کپ 2023 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے واحد لیگ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھیم، لیکن ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارتی ٹیم پر آسٹریلیا کا غلبہ رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 ورلڈ کپ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں آسٹریلیا نے 8 بار کامیابی حاصل کی ہے اور بھارت کو 5 مرتبہ کامیابی ملی ہے۔ بھارت کے 125 کروڑ لوگوں کو امید ہے کہ ٹیم انڈیا آج آسٹریلیا کو شکست دے کر تیسری بار عالمی چمپئن بنے گی۔
بھارت کی ممکنہ پلیئنگ الیون: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، شریس ائیر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادیو، رویندرا جڈیجا، جسپریت بمراہ، محمد شامی، کلدیپ یادو اور محمد سراج۔
آسٹریلیا کی ممکنہ پلیئنگ الیون: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبوشین، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، گلین میکسویل، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ۔