نئی دہلی: رواں برس بھارت میں ہونے والا ونڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہوسکتا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے اس ٹورنامنٹ کے لیے ایک درجن شہروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 46 دن تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں ناک آؤٹ سمیت کل 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ تاہم ابھی تک اس بارے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
میچز بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکاتا، لکھنؤ، اندور، راجکوٹ، احمد آباد اور ممبئی میں منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ ٹائٹل میچوں کے علاوہ بی سی سی آئی نے ابھی تک کسی بھی میچ کے لیے مقامات کا انتخاب نہیں کیا ہے۔ دو تین شہروں میں وارم اپ میچز ہوں گے۔ بھارت کے کئی حصوں میں مانسون کے پیش نظر مقامات کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔