نئی دہلی: ہندوستان کے سلامی بلے باز شبھمن گل کو یہ اعزاز ستمبر کے مہینے میں ون ڈے میچوں میں 80 کی اوسط سے 480 رنز بنانے پر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ سے ایک دن قبل شبمن گل کو 'آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ' قرار دیا گیا ہے۔ گِل کو یہ ایوارڈ ستمبر میں ان کی شاندار فارم پر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ایشیا کپ میں 75.5 کی اوسط سے 302 رنز بنائے تھے اس میں فائنل میں بنائے گئے ناٹ آؤٹ 27 رن بھی شامل ہیں۔ فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ گل اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ گِل نے آسٹریلیا کے خلاف دو اننگز میں 178 رنز بنا کر پلیئر آف دی منتھ قرار پانے کے اپنے دعوے کو مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف 121 رنز بنانے کے بعد دوسرے ایک روزہ مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف 104 رنز بنائے تھے۔ گل نے گزشتہ ماہ بھی تین نصف سنچریاں اسکور کی تھیں اور اس دوران آٹھ اننگز میں صرف دو بار پچاس سے کم پر آؤٹ ہوئے تھے۔