دبئی: آسٹریلیا کے تجربہ کار تیز گیند باز مچل اسٹارک انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اب وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں اپنے ہم وطن کھلاڑی پیٹ کمنز کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کیونکہ پیٹ کمنز کو حیدرآباد نے 20.50 کروڑ میں خرید لیا ہے اور کے کے آر نے مچل اسٹارک کو 24.75 کروڑ میں خریدا ہے۔
منگل کو آئی پی ایل 2024 کی نیلامی کے دوران پیٹ کمنز اس وقت سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے جب سن رائزرز حیدرآباد نے انہیں 20.50 کروڑ روپے میں سائن کیا تھا۔ لیکن کچھ دیر بعد ہی اسٹارک آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے کیونکہ کے کے آر نے انھیں 24.75 کروڑ میں خرید لیا۔
جیوسنیما پر بات کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے کہا کہ وہ اتنی بڑی رقم کی توقع نہیں رکھتے تھے اور وہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کی چھوڑی ہوئی جگہ کو پُر کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسٹارک نے کہا کہ میں اتنی بڑی رقم کو خواب میں بھی نہیں دیکھ سکتا تھا۔ ظاہر ہے چند ٹیمیں اپنی تیز گیندبازی کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی تھیں اور تیز گیندبازوں کی فہرست میں شاندار ناموں کی بہتات ہے، جس میں پیٹ کمنز ان میں سے ایک ہیں۔ مجھے یقین نہیں تھا کہ میں کہاں جاؤں گا، لیکن میں کے کے آر کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔ یہ ایک ایسی ٹیم ہے جس میں پیٹ کمنز تھا لہذا امید ہے کہ میں وہاں اس کی کمی کو پر کرنے کی کوشش کرونگا۔