ممبئی، ممبئی انڈینس نے کپتان ہرمن پریت کور (51) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت منگل کو ویمنس پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں گجرات جائنٹس کے سامنے 163 رن کا ہدف رکھا۔جائنٹس نے اپنی سخت گیند بازی اور فیلڈنگ سے میچ پر زیادہ تر وقت کنٹرول رکھا لیکن ہرمن پریت نے 51 رن بنا کر ممبئی کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہرمن پریت نے اپنی 30 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے 37 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رن بنائے جبکہ نیٹ سیور برنٹ نے 31 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رن بنائے۔
جائنٹس نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا انتخاب کیا اور ایشلے گارڈنر نے پہلے ہی اوور میں ہیلی میتھیوز کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ دھماکہ خیز اوپنر کا وکٹ گنوانے کے بعد ممبئی پاور پلے میں صرف 40 رن کا اضافہ کر سکی۔ یاستیکا اور سیور برنٹ نے ممبئی کی اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے 74 رن جوڑے۔ کم گارتھ نے 11ویں اوور کی آخری گیند پر سیور برنٹ کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں یاستیکا بھی سات گیندوں کے بعد رن آؤٹ ہو گئیں۔