ڈھاکہ: بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کو بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ان کے رویے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چار ڈیمیرٹ پوائنٹس مل سکتے ہیں۔ کرک بز کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق، ایک میچ آفیشل نے کہا کہ ہرمن پریت نے دوسرے درجے کا جرم کیا ہے، جس کے لیے ان پر چار ڈیمیرٹ پوائنٹس کے علاوہ میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ہفتہ کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہرمن پریت نے آؤٹ ہونے کے بعد اپنے بلا اسٹمپ پر مارا اور امپائر تنویر احمد کے ساتھ ان کی تیکھی نوک جھونک بھی ہوئی۔ میچ کے بعد کی پریزنٹیشن تقریب میں انہوں نے 'امپائرنگ کے معیارات' پر تنقید کی تھی۔
کرک بز کے مطابق، میچ آفیشل نے کہا، "میدان میں ہونے والے واقعے (وکٹ کو توڑنے) کے لیے ان کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ پریزنٹیشن تقریب میں جس طرح سے انہوں نے اپنی نمائندگی کی اس کے لیے ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔" رپورٹس کے مطابق، انہیں میدان میں ہونے والے واقعے کے لیے تین ڈیمیرٹ پوائنٹس ملیں گے اور دوسرا پریزنٹیشن تقریب میں امپائرز پر الزام لگانے کے لئے ایک اور ڈیمیرٹ پوائنٹ ملے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ٹرافی تقریب کے دوران ہرمن پریت نے بنگلہ دیشی کپتان نگار سلطانہ سے بھی کچھ کہا تھا، جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم ٹرافی کے ساتھ تصویر کھنچوائے بغیر ہی ڈریسنگ روم واپس چلی گئی تھی۔