لاہور:پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ون ڈے دونوں سیریز جیتی تھیں۔گزشتہ ماہ پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ وہ 7 مئی کو ختم ہونے والی نیوزی لینڈ سیریز کے اختتام پر کوچ کا تقرر کرے گا۔ بورڈ نے اینڈریو پوٹک کو بیٹنگ کوچ جبکہ عمر گل کو بولنگ کوچ اور عبدالرحمان کو بریڈ برن کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر بریڈ برن اس سے قبل 2018 میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ ملک کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اعلیٰ کارکردگی کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک بیان میں کہاکہ بریڈ برن ٹیم میں کوچنگ کے تجربے کے ساتھ آئے ہیں۔ اس سے قبل ہماری پاکستانی ٹیم اور این سی اے میں کام کرنے کے بعد بریڈ برن ہماری کرکٹ کلچر اور اخلاقیات کو سمجھتے ہیں اور اس ٹیم کو آگے لے جانے کے لئے صحیح شخص ہیں۔ پاکستان نے حال ہی میں سابق کوچ مکی آرتھر کو اس سال کے آخر میں ہونے والے 50 اوور کے ایشیا کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔