نئی دہلی:بیس جون بھارتی کرکٹ کے لیے بڑا دن ہے۔ اس دن تین معروف بھارتی کرکٹرز نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ ان تینوں کرکٹرز کے نام سورو گنگولی، راہل دراوڑ اور وراٹ کوہلی ہے۔ واضح رہے کہ سنہ 1996 میں راہل دراوڑ اور سورو گنگولی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبیو کیا تھا اور دونوں نے اس ٹیسٹ میچ میں شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اس میچ میں سورو گنگولی نے شاندار سنچری اسکور کی۔ جبکہ راہل دراوڑ سنچری بنانے سے محروم رہ گئے تھے۔ سورو گنگولی نے اظہر الدین کی کپتانی میں سنہ 1996 میں انگلینڈ کے دورے پر گئی بھارتی ٹیم کے لیے لارڈز گراؤنڈ پر اپنے ٹیسٹ میچ کا آغاز کیا تھا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز سورو گنگولی نے پہلے ہی میچ میں 131 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنا ڈیبیو کیا تھا۔
گنگولی نے بھارت کے لیے 113 ٹیسٹ کھیلے، 42.17 کی اوسط سے 7212 رنز بنائے۔ جس میں 16 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہیں راہل دراوڑ اپنے پہلے میچ میں 5 رنز سے سنچری بنانے سے محروم رہ گئے تھے اور وہ 95 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ دراوڑ نے ٹیسٹ کرکٹ میں کئی ریکارڈ بنائے اور اسی وجہ سے انہیں 'دی وال' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 164 میچوں میں 52.31 کی اوسط سے 13 ہزار 288 رنز بنائے ہیں۔ اس میں انہوں نے کل 36 سنچریاں اور 63 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔