پیرس:سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فرانسیسی زبان میں جاری ایک بیان میں ایمباپے نے کہا کہ فرانس کے دیگر لوگوں کی طرح میں بھی نوجوان کی افسوس ناک پر پریشان اور افسردہ ہوں، میں نوجوان کے گھر والوں سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
ایمباپے نےکہا کہ جن حالات میں نوجوان کی موت ہوئی ایسے میں کوئی شخص اس واقعے سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، اس واقعے کے بعد سے ہم سب نے لوگوں کے شدید غم وغصےکا مشاہدہ کیا ہے لیکن احتجاج کا جو طریقہ اختیار کیا جارہا ہے وہ بھی ناقابل قبول ہے۔
فرانسیسی سپر اسٹار نے شہریوں سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، یہ آپ کی اپنی املاک ہیں جنہیں آپ تباہ کر رہے ہیں، ردعمل کا اظہار کرنے کے اور بھی پرامن اور تعمیری طریقے ہیں، اسی میں ہماری توانائیاں اور ہماری سوچیں مرتکز ہونی چاہئیں، تشدد ختم ہونا چاہیے تاکہ مکالمہ اور تعمیر نو کے لیے راستہ بن سکے۔
خیال رہے 4 روز قبل دنوں فرانسیسی پولیس نے پیرس کے نواحی علاقے میں پوچھ گچھ کے دوران نائل نامی ایک نوجوان کار سوار کو گولی مار دی تھی، سینے میں گولی لگنے سے نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا، جس کے بعد سے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور توڑ پھوڑ ، جلاؤ گھیراؤ اور احتجاجی مظاہرے شرو ع کردیے۔