نئی دہلی:ایشیا کپ کے حوالے سے بیان بازی تیز ہوگئی ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے فیصلے کے باعث سابق پاکستانی بلے باز جاوید میانداد نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی ہے تو پاکستان کو بھی بھارت نہیں جانا چاہیے۔ ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے بی سی سی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر یہ ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل مقام پر منعقد ہوتا ہے تو وہ اس میں شرکت کرے گا۔ بھارت نے اس ایشیا کپ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت نے پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارت کے اس فیصلے سے پاکستان میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے سابق پاکستانی بلے باز جاوید میانداد ناراض ہوگئے اور انہوں نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو ہمیں بھی بھارت کا دورہ نہیں کرنا چاہیے۔
پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے ایشیا کپ کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو میزبانی کا موقع مل رہا ہے، ایسی صورتحال میں آئی سی سی کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ایسے معاملات کو حل کرنا چاہیے۔ یہی نہیں جاوید میانداد نے بی سی سی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 'گو ٹو ہیل' کا لفظ استعمال کیا۔ بتادیں کہ ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے تنازعہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے حالیہ اجلاس میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ اگر یہ ٹورنامنٹ کہیں اور منعقد ہوتا ہے تو تبھی بھارتی ٹیم اس میں حصہ لے گی۔