ممبئی: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے۔ کھلاڑیوں کے اس شاندار مظاہرے کی وجہ سے ہر کوئی بھارتی ٹیم کو ٹائٹل کا مضبوط دعویدار کہہ رہا ہے۔ یہاں تک کہ بھارت کے سابق تیز گیند باز کرسن گھاوری نے پیشن گوئی کر دی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن ٹرافی بھارت ہی اٹھائے گا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کرسن گھاوڑی اپنے اسی یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما کی قیادت اور راہل ڈراوڈ کی کوچنگ والی ٹیم انڈیا سیمی فائنل کے ساتھ ساتھ فائنل کو بھی جیتے گی۔ 1975 اور 1979 کے ورلڈ کپ میں اپنی تیز گیند بازی سے حریف ٹیم کو دہشت زدہ کرنے والے کرسن گھاوری نے کہا کہ جس طرح سے بھارت نے ورلڈ کپ میں لگاتار نو میچ جیتے ہیں اس سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ اس کے علاوہ چونکہ یہ ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جارہا ہے اس لیے گھریلو حالات کا فائدہ بھی بھارتی ٹیم کو مل رہا ہے۔ اس لیے یہ ٹیم ٹرافی ضرور جیتے گی۔