نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر سلیم درانی 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کی بیماری میں مبتلا تھے۔ سلیم درانی نے گجرات کے جام نگر میں آخری سانس لی۔ سلیم درانی کی پیدائش 11 دسمبر 1934 کو افغانستان کے کابل میں ہوئی تھی۔ سلیم صرف آٹھ سال کے تھے جب ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا۔ سلیم درانی کا خاندان پاک بھارت تقسیم کے وقت بھارت میں ہی رہ گیا۔ آہستہ آہستہ سلیم کی کرکٹ میں دلچسپی بڑھتی گئی۔ سلیم درانی ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وہ بھارت کے لیجنڈ آل راؤنڈرز میں سے ایک رہے ہیں۔ سابق بھارتی کرکٹر سلیم درانی کو ارجن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
انہوں نے 1956 سے 1978 تک راجستھان کے لیے بھی کرکٹ کھیلا۔ سلیم درانی نے 1960 سے 1973 تک بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے ٹیسٹ کھیلا۔ سلیم درانی پہلے کرکٹر تھے جو افغانستان میں پیدا ہوئے اور بھارت کے لیے کرکٹ کھیلے۔ پی ٹی آئی کے مطابق وہ گجرات کے جام نگر میں اپنے بھائی جہانگیر درانی کے ساتھ رہ رہے تھے۔ ان کی موت کی تصدیق خاندان کے قریبی ذرائع نے کی ہے۔ سلیم درانی نے بھارت کے لیے 29 ٹیسٹ میچ کھیلے، 1202 رنز بنائے اور 75 وکٹیں لیں۔