نیویارک:رپورٹ کے مطابق فواد امریکہ کی مائنر لیگ کرکٹ ٹی ٹوئنٹی میں شکاگو کنگز مین کی نمائندگی کریں گے۔ فواد سے پہلے پاکستان کے سمیع احمد، حماد اعظم، سیف بدر اور محمد محسن بھی اپنی کرکٹ کی مہارت کو استعمال کرنے کے لیے امریکہ جا چکے ہیں۔
فواد نے 2007 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا، لیکن پاکستان کے ڈریسنگ روم میں ان کی پیشی بہت کم رہی۔ فواد کو 2009 میں ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے کے بعد دو میچوں میں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں 55 کی اوسط سے رنز کا پہاڑ بنانے کے باوجود انہیں 11 سال تک قومی ٹیم میں نہیں بلایا گیا۔
سال 2020 میں اپنے کیرئیر میں نئی زندگی حاصل کرنے کے بعد فواد نے کچھ عرصے کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ پختہ کر لی تھی۔ انہوں نے واپسی کے بعد نیوزی لینڈ میں اپنے تیسرے میچ میں عجیب و غریب حالات میں سنچری بنا کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف بھی سنچریاں بنائیں۔