پاکستانی بلے باز فواد عالم اور فاسٹ بالر شاہین آفریدی نے کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران اپنی شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ دونوں اپنے کیریئر کے بہترین مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
فواد عالم جہاں پہلی اننگز میں 124 رنز کی بدولت 34 درجے چھلانگ لگا کر بلے بازوں کی فہرست میں 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں وہیں شاہین میچ میں اپنی 10 وکٹیں حاصل کرنے کی کارکردگی بدولت 10 درجے ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
عالم اور شاہین کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 109 سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے ختم کی۔
پچھلے سال اگست میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد سے چار سنچریاں بنانے والے فواد عالم رواں سال مئی میں 47ویں نمبر پر جبکہ شاہین اس ٹیسٹ سے پہلے 18ویں نمبر پر تھے، جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ تھی۔